جے پور، 14؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بی جے پی پرفاشسٹ پارٹی ہونے کا الزام لگایاہےَ انہوں نے کہا کہ گوا اور منی پور میں کانگریس کو سب سے بڑی پارٹی ہونے کے باوجود اقتدار سے دور رکھا جاناپور ے طورپرافسوس ناک ہے۔ بی جے پی کی جمہوریت میں کوئی یقین نہیں ہے، جمہوریت کا صرف ماسک پہن کر اقتدار میں آئے ہیں، آمریت ان فطرت ہے۔ آج ملک میں خوف کا ماحول ہے، چاہے صنعتکار ہوں، تاجر ہوں یا عام آدمی، تمام خوف میں جی رہے ہیں۔ یہ جمہوریت کی اچھی روایت نہیں ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوا اور منی پور میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے کے باوجود ساری عمل اور روایات کو توڑمروڑکر فیصلے کئے جا رہے ہیں جوافسوسناک بات ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں سال 1989 کا حوالہ دیا، جب لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو 197، جنتا دل کو 143 اور بی جے پی کو 83 سیٹیں ملی تھیں۔سب سے بڑی پارٹی کے طور پر کانگریس کو حکومت بنانے کے لئے بلایا گیا تھا لیکن راجیو گاندھی نے یہ کہتے ہوئے حکومت بنانے سے انکار کر دیا تھا کہ مینڈیٹ ہمارے خلاف ہے، اس لئے ہم حکومت نہیں بنائیں گے۔ اس کے بعد مسٹروی پی سنگھ کوموقع دیاگیاتھا۔ کانگریس کی جمہوریت میں اعتماد اور اخلاقیات کی یہ ایک سب سے بڑی مثال ہے۔